ارشد ندیم نے یوم آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کردیا: عطا تارڑ
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ارشد ندیم نے یوم آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کردیا۔
اسلام آباد میں وزیراطلاعات ونشریات عطا تارڑ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہر طرف سے اچھی خبریں آرہی ہیں،ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے پر پوری قوم خوش ہے،پاکستان کا 40 سال بعد ایسا اعزاز حاصل کرنا خوشی کا مقام ہے، ارشد کی کامیابی کے ساتھ ان کے کوچ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کی فیملی کو پروٹوکول کے ساتھ ملتان ایئر پورٹ سے لایا گیا ہے، ارشد ندیم پاک فضائیہ کے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں ، کابینہ کے ارکان اپنے قومی ہیرو کا بھرپور استقبال کریں گے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی وجہ سے پوری دنیا میں سبز ہلالی پرچم بلند ہوا، ارشد ندیم کل 14اگست کی مرکزی تقریب میں موجود ہوں گئے، قومی ہیرو کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ بھی دیا جائے گا، ارشد ندیم کا کارنامہ 92ء کے ورلڈکپ سے بھی بڑا ہے، ارشد ندیم نے یوم آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کردیا۔
وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے قومی ہیرو ارشد ندیم کے گھر گئیں اور انہیں انعامات سے نواز ہے، ارشد ندیم کی زندگی لاکھوں نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے، مریم نواز نے ارشد ندیم کی والدہ کو گلے لگا کر مبارکباد دی، انہوں نے قومی ہیرو کو گاڑی اور 10کروڑ روپے کا تحفہ دیا۔
ان کا ویزا پالیسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ پاکستان دیگر ممالک کیلئے ویزا پالیسی میں نرمی کررہا ہے، 126ممالک کے شہری آن لائن ویزا اپلائی کرسکتے ہیں، ان ممالک کے شہریوں کیلئے ویزا فیس ختم کردی گئی ہے۔