وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے قریبی ساتھی اور محکمہ تعلیم کے افسر آمنے سامنے

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے قریبی ساتھی اور محکمہ تعلیم کے افسر آمنے سامنے آگئے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پشاور کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے قریبی دوست اور تحصیل ناظم متھرا انعام اللہ خان نے حلقے کے استاد کا تبادلہ کرنے پر ڈی ای او آفس پشاور میں توڑ پھوڑ کی، دفتر کے شیشے توڑ ڈالے اور عملے کو دبانے کی کوشش کی۔

ڈی ای او پشاور عرفان علی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انعام اللہ خان استاد کے تبادلے پر سیخ پا ہوکر حملہ آور ہوئے، قانون اور اعلیٰ حکام کی ہدایات کے مطابق استاد کا تبادلہ کیا۔

ادھر تحصیل ناظم انعام اللہ خان نے الزام عائد کیا کہ ڈی ای او پشاور پیسے لیکر تبادلے کرتے ہیں، میرے حلقے کے استاد کا پیسہ نہ دینے کی وجہ سے تبادلہ کیا گیا، کسی کو کرپشن نہیں کرنے دیں گے۔

دوسری جانب ڈائریکٹر محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا ثمینہ الطاف کا کہنا ہے کہ جو واقعہ پیش آیا ہے اس کی تحقیقات جاری ہیں، کسی کا سرکاری دفتر میں تشدد اور حملہ برداشت نہیں کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں