190 ملین پاؤنڈز کیس: حتمی فیصلہ سنانے سے روکنے کے حکم میں توسیع

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کو بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین ریفرنس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روکنے کے حکم میں توسیع کردی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بنچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے آج کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ملزمان ٹرائل میں تعاون نہیں کر رہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس میں کہا کہ ہم نے ٹرائل نہیں روکا بلکہ حتمی فیصلے سے روکا ہے، ٹرائل میں اگر تعاون نہیں کرتے تو پھر متعلقہ عدالت دیکھے گی، ٹرائل جاری رہے گا کا مطلب جاری رہے گا لیکن حتمی فیصلہ نہیں دیا جائے گا یہ ہم نے سادہ سی انگریزی میں کہا ہے، ٹرائل کس مرحلے میں ہے کیا ہو رہا ہے ہم اس میں مداخلت نہیں کریں گے۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ یہ تاثر نہ دیں کہ آپ تاخیر کر رہے ہیں۔

بعدازاں عدالت عالیہ نے احتساب عدالت کو ٹرائل جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں