ڈیڑھ ماہ ہو گیا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی جارہی : عمر ایوب

راولپنڈی: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ ڈیڑھ ماہ ہو گیا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی جارہی۔

اڈیالہ جیل کے باہر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ چار گھنٹے کھڑے رہے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، سیاسی جماعت ہیں،قومی،صوبائی اسمبلی میں آفس ہولڈر ہیں، آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مقبول لیڈر کو اسکے ساتھیوں سے ملنے سے روک رہے ہیں ہم اس کو ریجیکٹ کرتے ہیں، اڈیالہ جیل میں جو بھی افسر بیٹھا ہے اس کو پیغام ہے ہوش کے ناخن لو، سپرنٹنڈنٹ جیل کا کردار گھناؤنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں