فرد واحد کیلئے کوئی قانون نہیں بن رہا، آئینی عدالت ملک کی ضرورت ہے: ناصر حسین شاہ

کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فرد واحد کے لئے کوئی قانون نہیں بن رہا، یہ تاثر غلط ہے کہ کسی ایک جج کو نوازنے کے لیے آئینی عدالت بنائی جارہی ہے۔

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے بلاول بھٹو کا مؤقف واضح ہے، آئینی عدالت کی اس وقت ملک کو ضرورت ہے، دنیا بھر میں آئینی عدالتیں ہوتی ہیں، پاکستان میں نہیں ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہاکہ سیاسی کیسز کی وجہ سے عام آدمی کے کیسز التوا کا شکار ہو جاتے ہیں، عدالتوں میں ہزاروں کی تعداد میں کیسز پینڈنگ پڑے ہیں، عدالت میں سیاسی کیسز پر زیادہ توجہ دی جاتی، عام آدمی کو انصاف کے لئے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں تو چالیس سال بعد بھی بھٹو کیس میں پورا انصاف نہیں ملا، مخصوص سیٹیں مانگنے سنی اتحاد والے گئے، سیٹیں پی ٹی آئی کو ملیں، مولانا فضل الرحمان ہمارے لیے بہت قابل احترام ہیں۔

ناصر حسین نے کہا کہ ہم پرامید ہیں جو بات آئینی اداروں کے لئے بہتر ہوگی اسے مولانا سپورٹ کریں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں