تحریک انصاف کے 24 نومبر کے احتجاج کیخلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کے احتجاج کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

پشاور ہائیکورٹ میں درخواست شہری جمال الدین کی جانب سے دائر کی گئی ہے، درخواست میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ، صوبائی حکومت اورآئی جی خیبر پختونخوا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ صوبائی حکومت کا احتجاج کا اقدام قانون کے خلاف ہے، احتجاج سے صوبے میں امن و امان کی صورت حال خراب ہونے کا خدشہ ہے، خیبر پختونخوا حکومت سیاسی مقاصد کے لیے صوبے کے وسائل استعمال نہیں کر سکتی۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاسی عدم استحکام معیشت کے لیے نقصان دہ ہے، خیبر پختونخوا حکومت کو جلسے میں سرکاری کے وسائل کے استعمال سے روکا جائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں