سموگ سے چھٹکارے کیلئے بیکار زمین پر زرعی جنگل لگانے کا فیصلہ
لاہور: (دنیا نیوز) ماحولیاتی بہتری اور سموگ سے بچاؤ کیلئے پنجاب حکومت نے لاکھوں ایکڑ بیکار پڑی زمین پر زرعی جنگل لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے کی تمام سرکاری و نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز پر فوکس کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، درختوں اور شجر کاری میں اضافے سے فضائی آلودگی کا خاتمہ کیا جائے گا، آکسیجن کی مقدار بڑھے گی، یہ منصوبے سموگ اور فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کے مختصر، درمیانی اور طویل المدتی وژن کا حصہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے تحت ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں درختوں کی تعداد بڑھائی جائے گی، شہروں کے اندر اور تمام شاہراہوں کے کنارے درختوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا، لاہور کے گردونواح میں درختوں کا وسیع حفاظتی دائرہ بنانے پر کام شروع کر دیا گیا ہے ، درخت بڑھیں گے تو انسانی سانس چلے گی، عوام اور اداروں کو مل کر یہ جہاد کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ خراب گاڑیاں سڑکوں پر نہیں چلنے دیں گے، گاڑی کا سرٹیفائیڈ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، محکمہ تحفظ ماحولیات (ای پی اے) کی جانب سے صنعتی یونٹس، بھٹوں پر چھاپوں اور خلاف ورزیوں پر کارروائیاں جاری ہے، زائد دھوئیں والی گاڑیوں کی پڑتال کی جارہی ہے،اب تک 46 لاکھ روپے سے زائد کے ریکارڈ جرمانے کیے جا چکے ہیں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ خلاف ورزیوں پر 14 صنعتی یونٹس کو سیل کر کے 8 پرچے درج کیے جا چکے ہیں جبکہ ایک صنعتی یونٹ کو مسمار کیا گیا ہے، گرین لاک ڈاؤن زون میں کمرشل جنریٹرز اور بار بی کیو پوائنٹس کی بھی مسلسل چیکنگ کی جارہی ہے، سموگ قوانین کی عدم تعمیل پر متعدد پوائنٹس کو نوٹسز جاری کیے گئے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں میں شور اور فضائی آلودگی میں کمی کے لیے کارروائیا ں کی جارہی ہیں، سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جارہا ہے، گرد و غبار روکنے، مٹی ریت کی اوورلوڈنگ سے پھیلنے والی آلودگی روکنے کے لیے خصوصی سکواڈز متحرک ہیں، لاہور کے داخلی راستوں پر ریت سے لدی ٹرالیوں کی کڑی نگرانی اور خلاف ورزی پر کارروائیاں کی جارہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنا، شہریوں کی صحت کو محفوظ بنانا اور صاف ستھرا ماحول یقینی بنانا ہے، خلاف ورزی پر مثالی سزا ملے گی،کوئی رعایت نہیں ہوگی، لاہور کو پاکستان کی نہیں دنیا کا صاف ستھرا اور ماحولیاتی طور پر محفوظ شہر بنائیں گے۔