اس وقت صوبے میں آگ لگی اور صوبائی حکومت اسلام آباد میں آگ لگانے گئی: فیصل کنڈی
چارسدہ: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اس وقت صوبے میں آگ لگی ہے جبکہ صوبائی حکومت اسلام آباد میں آگ لگانے گئی، امن وامان کی صورتحال اور صوبائی حکومت کے حوالے تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ مشاورت کر رہے ہیں۔
ایمل ولی خان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت بانی پی ٹی آئی کو چھڑوانے کیلئے اسلام آباد پر چڑھائی کر رہی ہے، احتجاج میں پی ٹی آئی کا کوئی لیڈر نہیں پکڑا گیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پنجاب سے کوئی نہیں نکلا، پانچ دسمبر کو آل پارٹیز کانفرنس کرنے جا رہے ہیں، صوبے کو دہشت گردوں کے حوالے کیا گیا، امن و امان کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بھی بات کریں گے، وفاق صوبے کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پرنہیں چھوڑ سکتا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ اے این پی اور پی پی پی کے مابین نظریاتی جوڑ ہے، ایک عرصے سے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔
ایمل ولی نے کہا کہ گورنر سے دہشتگردی اور کرم کے واقعے پر بات ہوئی، کرم واقعات پر تمام پختون غم زدہ ہیں، امن کے لیے ہر کسی کا ساتھ دیں گے۔