پاکستان سمیت دنیا بھر میں پہاڑوں کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے
کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں پہاڑوں کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے۔
اس دن کو منانے کا مقصد پہاڑوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، بلوچستان کا سب سے بڑا پہاڑی سلسلہ کوہ سلیمان تاریخی اہمیت کا حامل ہے، کوئٹہ کو جہاں دنیا بھر میں لٹل پیرس کے نام سے شہرت ملی وہیں یہاں موجود 4 پہاڑ بھی اس شہر کی شہرت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
وادی کوئٹہ چاروں اطراف سے کوہ چلتن، کوہ تکاتو، کوہ زرغون اور کوہ مہردار میں گھری ہوئی ہے۔
پہاڑوں کی سرزمین گلگت بلتستان میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو 8611 میٹرز کی بلندی کے ساتھ پاکستان پہلی بلند ترین چوٹی ہونے کا اعزا رکھتی ہے، پاکستان میں 7 ہزار میٹرز سے بلند کم و بیش 108 پہاڑی چوٹیاں موجود ہیں جبکہ چھ ہزار میٹر والی پہاڑی چوٹیوں کی تعداد لامحدود ہے۔
پاکستان میں موجود بلند پہاڑوں کو فتح کرنے کی کوشش میں اب تک 91 کوہ پیما موت کی نیند سوگئے جبکہ 377 کامیاب ہوئے، دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے2 کی مہم جوئی کیلئے ہر سال 2 سمٹ ہوتی ہیں، اس کیلئے دنیا بھر سے کوہ پیما گلگت بلتستان پہنچتے ہیں۔
پاکستان میں موجود پہاڑ جنگلات جنگلی حیات کی افزائش کے لئے اہم کردار ادا کرتے ہیں ، دنیا کی دوسری اور پاکستان کی بلند ترین پہاڑی چوٹی کے ٹو مہم جوئی کے ساتھ جنگلی حیات کا بھی اہم مسکن ہے۔
پاکستان میں موجود پہاڑ اور گلیشیئر جہاں سو فیصد آبادی کیلئے واٹر ریزر وائر کی ضرورت کو پورا کرتے ہیں وہیں جنگلی حیات کا مسکن بھی ہیں تاہم انسانی عمل دخل بڑھنے کی وجہ سے جنگلی حیات کو خطرات کا سامنا ہے۔