جمہوری آزادیاں سلب کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے: حافظ نعیم الرحمان
کراچی :(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جمہوری آزادیاں سلب کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آئین و قانون کی بالا دستی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، حکومت اور اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہو گا، ملک میں پُر امن سیاسی کلچر کو پروان چڑھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ فوج اور عوام کے درمیان دوریاں بڑھانے کے بجائے کم کرنے کی ضرورت ہے، جمہوری آزادیاں سلب کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، ملک میں برسوں سے آئی پی پیز کا دھندا جاری ہے، ہم نے دھرنا دے کر ایک بھر پور عوامی تحریک سے آئی پی پیز کے مسئلے کو اُٹھایا۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز بند ہونے کا فائدہ عوام تک منتقل نہیں ہوا ہے، حکومت عوام کو بجلی، پٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے ریلیف دے، اہل غزہ و فلسطین میں مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے۔
امیر جماعت اسلامی مزید کہا تھا عالمی طاقتیں اسرائیلی افواج کو مکمل تحفظ فراہم کر رہی ہیں، 29دسمبر کو اسلام آباد میں اہل غزہ و فلسطین کے حق میں عظیم الشان ملین مارچ ہو گا۔