لوکل گورنمنٹ بل میں بلدیاتی اداروں کے اثاثوں اور واجبات کی منتقلی کا طریقہ کار واضح کر دیا گیا
لاہور: (دنیا نیوز) لوکل گورنمنٹ بل 2025 میں پنجاب حکومت نے بلدیاتی اداروں کے اثاثوں اور واجبات کی منتقلی کا طریقہ کار واضح کر دیا۔
بل کے متن کے مطابق ہر نئی مقامی حکومت تحلیل شدہ ادارے کی جائیداد، افسران اور واجبات کا جانشین ہوگا، لوکل گورنمنٹس کے انتخاب سے قبل جائیداد منتقلی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
متن کے مطابق سیکرٹری کی منظوری سے یہ تعین ہوگا کہ کس مقامی حکومت کو کون سا اثاثہ یا ذمہ داری منتقل ہوگی، ایک سے زائد علاقوں میں استعمال ہونے والے اثاثے وزیر کی منظوری سے تقسیم کیے جائیں گے۔
بل کے مطابق مقامی حکومت سے غیر متعلقہ اثاثے حکومت کو منتقل کیے جائیں گے، سیکرٹری کو وزیر کی منظوری سے واجبات اور تنازعات کے حل کا اختیار حاصل ہوگا۔
لوکل گورنمنٹ بل کے مطابق جائیداد کی تعریف میں زمین، عمارت، دفتر، گاڑیاں، آلات اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔