بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کو دھوکا دینے کا سوچ بھی نہیں سکتیں: مریم وٹو

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی اپنے شوہر بانی پی ٹی آئی کو دھوکا دینے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں مریم وٹو نے کہا ہے کہ 8 ہفتوں سے خاندان کے افراد کو بشریٰ بی بی سے ملنے کی اجازت دی گئی، حتیٰ کہ وکلاء کو بھی نہیں ملنے دیا جا رہا، ہمارے پاس بشریٰ بی بی سے متعلق کوئی خبر نہیں ہے۔

مریم وٹو کا کہنا تھا کہ کچھ ٹاؤٹس کو استعمال کر کے یہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ میں بانی پی ٹی آئی کو دھوکا دے کر اپنی بہن بشریٰ بی بی کو باہر لانے کی کوشش کر رہی ہوں، ہمارے خلاف ایک گھناؤنہ منصوبہ بنایا جا رہا ہے، یہ لوگ کس طرح اتنا جھوٹ بول سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی نے خود اپنے آپ کو بنی گالہ سے جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا، پہلے انہوں نے خود کو بہادری سے پیش کیا اور پھر دوسری بار خود جیل گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کو دھوکا دینا ہوتا تو وہ بہت پہلے اپنی پہلی بار گرفتاری سے پہلے یہ کام کر سکتی تھیں، جب ان کے پاس یہ موقع بھی تھا۔

مریم وٹو نے کہا ہے کہ میں پہلے بھی اپنے انٹرویوز میں یہ بات کہہ چکی ہوں کہ میں نے بشریٰ بی بی سے درخواست کی تھی کہ وہ ہمارے پاس آجائیں، امی بھی یہیں ہیں اور بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد آپ اکیلی ہیں تاہم انہوں نے کہا اگر میں نے امی سے ملنے کے لیے بھی پاکستان چھوڑا تو لوگ کہیں گے کہ میں نے اپنے شوہر کو چھوڑ دیا ہے، میں کبھی بھی انہیں اکیلا نہیں چھوڑ سکتی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اپنے شوہر کو دھوکا دینے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتیں، ان شاء اللہ دونوں ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں