ٹرمپ کو مبارکباد، بہت جلد مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی کریں گے: وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے ہم بہت جلد مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے حصول کیلئے ان کی غیر معمولی کوششوں پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور آج صبح سعودی عرب، قطر، ترکی، مصر، متحدہ عرب امارات، اردن اور پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ ان کی انتہائی مفید اور نتیجہ خیز ٹیلی فونک گفتگو پر بھی مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس ٹیلی فونک کال میں پاکستان کی نمائندگی کی اور میں پورے عمل کے دوران ان کی مسلسل اور انتھک کاوشوں کی بہت قدر کرتا ہوں۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) May 24, 2026
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس بات چیت نے موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے اور خطے میں پائیدار امن لانے کیلئے جاری امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے کا ایک مفید موقع فراہم کیا ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنی امن کی کوششوں کو انتہائی خلوص اور ایمانداری کے ساتھ جاری رکھے گا اور ہمیں امید ہے کہ ہم بہت جلد مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی کریں گے۔