نوجوانوں سے ووٹ کا حق چھیننے بارے کوئی ترمیم زیر غور نہیں: رانا ثنا اللہ

فیصل آباد:(دنیا نیوز) مشیر وزیر اعظم سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں سے ووٹ کا حق چھیننے بارے کوئی ترمیم زیر غور نہیں۔

پنجاب کے شہر فیصل آباد میں کبڈی ٹورنامنٹ کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کبڈی کا کھیل پنجاب کا مقبول کھیل ہے،قومی کبڈی ٹیم میں اکثریت اس حلقہ سے کھلاڑیوں کی  ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے اس علاقہ میں کبڈی سٹیڈیم کا قیام حلقہ کے عوام کیلئے تحفہ ہے، حلقہ کے ہر دیہات میں کھیل کا میدان بنائیں گے تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کر سکیں۔

مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صحت مند معاشرے کیلئے نوجوانوں نسل کا کھیلوں کے میدانوں میں آنا ضروری ہے، پاکستان کی سیاسی قیادت اور عسکری قیادت پوری دنیا کو امن دینے کے لئے کوشاں ہیں۔

رانا ثنااللہ  نے کہا کہ پاکستان کو وہ مقام ملا پوری دنیا امن کیلئے اس خطے کی طرف دیکھ رہی ہے، آج پاکستان کے قیام کے مقاصد پورے ہو رہے ہیں، پوری مسلمان امہ پہلی بار پاکستان پر متفق ہو رہی ہے، ہمیں فخر کرنا چاہیے معرکہ حق نے اہم مقام دلایا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ایٹمی قوت بھی ہے اور دس گنا بڑے دشمن کو سبق سکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اِس ملک میں غربت اور مہنگائی دور ہو گی، بہتر علاج اور روزگار ملے گا، اب تو ہمارے لوگ روزگار کیلئے باہر جا ریے، وہ دن آئے گا دنیا بھر سے لوگ پاکستان آئیں گے۔

مشیر وزیر اعظم نے کہا کہ کوئی ایسی ترمیم زیر غور نہیں جس میں نوجوان نسل سے ووٹ کا حق چھینا جا رہا ہے، مختلف ایشوز پر بحث و مباحثہ ہونے چاہیے اور اس کو نہیں روکنا چاہیے، اگر صلح ہو گئی تو پٹرول اور گیس وافر اور سستی ہو کر عوام کے وارے نیارے ہو جائیں گے۔

رانا ثنااللہ  کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں مہنگائی اور معاشی مسائل بھئ حل ہو جائیں گے، بجٹ میں عوام کیلئے اچھا ریلیف پیکج تیار ہو رہا ہے، عوام مثبت امید رکھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں