عیدالاضحیٰ کراچی کی انتظامیہ کیلئے بڑا چیلنج ہوتا ہے: میئر کراچی
کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کراچی کی انتظامیہ کے لیے بڑا چیلنج ہوتا ہے، پانچ دن تک تمام بلدیاتی ادارے متحرک رہتے ہیں۔
پولو گراؤنڈ میں نماز عیدالاضحیٰ کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں تین پوائنٹس بنائے ہیں جہاں آلائشوں کو ٹھکانے لگایا جاتا ہے، گزشتہ سال 98ٹن آلائشوں کوٹھکانے لگایا تھا، اس سال اس سے بھی زیادہ کی امید ہے، آلائشوں کو ٹھکانے لگانا سالڈ ویسٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ جہاں سے آلائش نہ اٹھائی جائیں، 1128 ہیلپ لائن پر شکایت کریں۔
صحافی کے ایک سوال پر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عید کے روز بھی سیاسی سوال کریں گے تو محبت کیسے بڑھے گی؟
میئر نے مزید کہا کہ فاروق ستار اور علی خورشیدی کی باتوں کا جواب میں دیتا رہتا ہوں، آج ان کو میری طرف سےعید مبارک، دو کلیجیاں زیادہ کھائیں۔