فیلڈ مارشل سے لبنانی آرمی چیف کی ملاقات، عسکری تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لبنانی آرمی چیف جنرل روڈولف ہیکل نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لبنانی آرمی چیف جنرل روڈولف ہیکل کو جی ایچ کیو آمد پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اس ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے میں سلامتی کے فروغ، دفاعی تعاون اور دوطرفہ عسکری تعلقات بڑھانے کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات کے مطابق مذاکرات میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی گئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو دوبارہ اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

لبنانی آرمی چیف جنرل روڈولف ہیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عملی مہارت کو سراہا اور علاقائی امن، استحکام اور بین الاقوامی امن مشنز میں ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔

یہ دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ممالک کی افواج فوجی سطح پر باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ عزم رکھتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں