نوکیا کے مشہور فون 6310 کی جدید ٹیکنالوجی کیساتھ واپسی

ٹیکنالوجی

ہیلسنکی: (ویب ڈیسک) فن لینڈ کی مشہور ملٹی نیشنل ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی نوکیا نے 3310 کے بعد اب اپنے ایک اور مقبول ترین فون 6310 کو جدید ٹیکنالوجی کیساتھ اپنے صارفین کیلئے پیش کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ نوکیا فونز کو اب ایچ ایم ڈی گلوبل کمپنی تیار کر رہی ہے۔ اس کمپنی کی جانب سے جو نیا 6310 فون تیار کیا گیا ہے اس میں فور جی کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

نوکیا 6310 میں دیئے گئے فیچرز کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالا گیا ہے تاہم اس کی شکل پرانے فون جیسی ہی رکھی گئی ہے۔

کمپنی کی جانب سے نوکیا 6310 میں کی پیڈ دیا گیا ہے جبکہ اس کے ڈسپلے کا سائز دو اعشاریہ آٹح انچ ہے۔

فون کے اندر آٹھ ایم بی ریم اور سولہ ایم بی سٹوریج کی سہولت دی گئی ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے بتیس جی بی تک اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

اس فون کے بیک پر صفر اعشاریہ تین میگا پکسل کیمرہ نصب ہے۔ اس کے علاوہ اس نئے فون میں فلیش ٹارچ اور ایف ایم ریڈیو کی بھی سہولت دی گئی ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس فون میں ایسی جدید بیٹری نصب کی گئی ہے جسے صرف ایک مرتبہ چارج کرکے کئی ہفتوں تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں