پاکستان میں ٹک ٹاک کو ایک مرتبہ پھر بحال کر دیا گیا

ٹیکنالوجی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں پانچ ماہ تک بین رہنے کے بعد ٹک ٹاک کو ایک مرتبہ پھر بحال کر دیا گیا۔

پی ٹی اے کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں ٹک ٹاک ایک دفعہ پھر بحال کر دی گئی ہے۔ ملک بھر میں سوشل میڈیا کی مشہور ایپ کو بحال کر دیا ہے، ٹک ٹاک کی جانب سے غیر اخلاقی مواد ہٹانے یقین دہانی کے بعد ایپلیکشن کو بحال کیا گیا۔ پی ٹی اے ٹک ٹاک پر غیر قانونی مواد کی مانیٹرنگ جاری رکھے گا۔

ٹک ٹاک نے پی ٹی اے کو یقین دہانی کروائی کہ سوشل میڈیا کی مشہور ایپ پر مسلسل غیر قانونی مواد اپ لوڈ کرنے والوں کو بلاک کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 21 جولائی کو  پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے معروف شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن  ٹک ٹاک  کو ایک بار پھر بلاک کردیا۔

پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کی متعلقہ دفعات کی روشنی میں اتھارٹی نے ملک میں ٹِک ٹاک ایپ اور ویب سائٹ تک رسائی کو بلاک کردیا ہے۔ یہ کارروائی پلیٹ فارم پر نامناسب مواد کی مستقل موجودگی اور پلیٹ فارم کے ایسے مواد کو روکنے میں ناکامی کی وجہ سے کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال 28 جون کو سندھ ہائی کورٹ نے ایک شہری کی درخواست پر ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی تھی جس کے خلاف پی ٹی اے نے متفرق درخواست دائر کی تھی۔

پی ٹی اے نے عدالت کے سامنےموقف اختیار کیا کہ شکایت کنندہ کی درخواست پر پی ٹی اے نے فیصلہ کرنا ہے، فیصلے کے بعد درخواست گزار سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرسکتا ہے۔ ہمیں بھی سنا جائے فیصلے کے وقت ہمارا موقف نہیں سنا گیا تھا۔

بعد ازاں ہائی کورٹ نے پی ٹی اے کو ٹک ٹاک سے متعلق درخواستیں جلد نمٹانے کا حکم دیتے ہوئے ٹک ٹاک پر عائد کی گئی پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔

قبل ازیں رواں سال مارچ میں پشاور ہائی کورٹ نے بھی غیر اخلاقی مواد کی موجودگی کے باعث ٹک ٹاک کو بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالتی احکامات کے بعد فوری طور پر ٹک ٹاک کو بند کردیا گیا تھا اور شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن کچھ دن تک بند رہی تھی۔

غیر اخلاقی مواد کی موجودگی کی وجہ سے ہی اکتوبر 2020 میں پی ٹی اے نے بھی ٹک ٹاک کو ملک بھر میں بند کردیا تھا، اس سے قبل پی ٹی اے نے ایپلی کیشن انتظامیہ کو فحش مواد ہٹانے کے لیے نوٹسز جاری کیے تھے۔

بعد ازاں ٹک ٹاک انتظامیہ نے لاکھوں نامناسب مواد پر مبنی ویڈیوز ہٹانے کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد پی ٹی اے نے ٹک ٹاک کی سروس بحال کی تھی۔

مارچ 2021 میں بھی پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر ٹک ٹاک کی سروس 10 دن تک معطل رہی تھی، بعد ازاں ٹک ٹاک انتظامیہ کی جانب سے فحش ویڈیوز ہٹائے جانے کے دعوے اور یقین دہانی پر اپریل میں اس کی سروس بحال کردی گئی تھی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں