ٹیکنالوجی میں پاکستان تیزی سے ترقی کرنے لگا:گوگل رپورٹ

ٹیکنالوجی

اسلام آباد:(دنیا نیوز)گوگل اور پاشا نے "اَن لاکنگ پاکستان ڈیجیٹل پوٹینشل“کے عنوان سے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سے متعلق رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان تیزی سے ترقی کرنے لگا ہے۔

گوگل اور آئی ٹی کے ادارے (P@SHA) کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 3 لاکھ سے زائد آئی ٹی پروفیشنلز ہیں اور سالانہ 25ہزار سے زائد آئی ٹی گریجویٹس نکلتے ہیں۔

گوگل رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی 2030ء تک پاکستان کی اقتصادی ترقی میں 9.7 کھرب روپے کا اضافہ کر سکتی ہیں،پاکستان 2010 سے اب تک 700 سے زائد ٹیکنالوجی سٹارٹ اپس کی تربیت کرچکا ہے،ٹیکنالوجی کی برآمدات میں 2020 سے سالانہ 15 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ 2022 میں ٹیکنالوجی برآمدات 3.5 ارب امریکی ڈالرز تک پہنچنے کی توقع ہے۔

گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا کہ پاکستان کی آن لائن آبادی میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، 2021 میں انٹرنیٹ کے استعمال میں 54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گوگل پاکستانیوں کو کارآمد پروڈکٹس، ٹولز،تکنیکی معلومات اور آن لائن سیفٹی سکلز فراہم کرتا ہے جبکہ ڈیجیٹل پاکستان کا ویژن حاصل کرنے کیلئے پاشا سمیت مختلف سرکاری اداروں کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوگل رپورٹ کی دریافتوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گوگل پروڈکٹس کے ذریعے 4 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع ملنا پاکستانی معیشیت کے لیے سازگار ہے جبکہ پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر کو مل کر ڈیجیٹل پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں