خیبر پی کے میں زمینوں کا 65 فیصد ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا

ٹیکنالوجی

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں زمینوں کا 65 فیصد ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کردیا گیا، پشاورمیں 200 سے زائد موضع جات میں سے114 کا ریکارڈ بھی آن لائن کردیا گیا ہے، شہری کہتے ہیں حکومت مشکلات کے خاتمے کےلیے مزید اقدامات اٹھائے۔

خیبرپختونخوا میں اب عوام ایک ہی چھت کے نیچے فردات، انتقالات، انتقال کی تصدیق، ریکارڈ کی درستگی، رجسٹری اندراج اور دیگر سہولیات حاصل کر سکیں گے اور اب مہینوں کا کام گھنٹوں میں ہونا ممکن ہوسکے گا۔

صوبے میں زمینوں کا 65 فیصد ریکارڈ کمپیوٹرائزد کردیا گیا ہے اور باقی ریکارڈ 2022 کے آخر تک کمپیوٹرائزد کر دیا جائے گا،2 ہزار کے قریب موضع جات کو کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے، سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو کہتے ہیں صوبے میں 30 سروس ڈیلیوری سنٹروں نے کام شروع کردیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ زمینوں سے متعلق درپیش مسائل کے حل سمیت انتقال اور فرد نمبر حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، حکومت کو اس سلسلے میں مزید اقدامات بھی اٹھانے چاہئیں۔

محکمہ بورڈ آف ریونیو کی جانب سے صوبائی دارالحکومت پشاور میں 203 موضع جات میں سے 114 کو کمپیوٹرائزڈ کرکے عوام کے لیے لائیو کر دیا گیا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں