ایلون مسک توانائی بحران کا مسئلہ حل کرنے کیلئے تیار

آسٹن: (ویب ڈیسک) دنیا میں توانائی کے بحران کے حل کیلئے ٹیسلا اور سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک بڑا منصوبہ پیش کرنے والے ہیں۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر ، ٹیسلا، سپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں زمین پر ماحول دوست توانائی کے حوالے سے ماسٹر پلان پیش کرنے کا عندیہ دیا۔

انہوں نے ٹوئٹ پر لکھا کہ ہماری دنیا کا مستقبل روشن ہے، وہ یکم مارچ کو ٹیسلا انویسٹر ڈے کے موقع پر زمین پر ماحول دوست توانائی کے مستقبل کے لیے ماسٹر پلان 3 پیش کریں گے۔

اس سے قبل ایلون مسک کی جانب سے ماضی میں 2 ماسٹر پلان پیش کیے جاچکے ہیں، ایلون مسک نے 2006 میں ٹیسلا کے لیے پہلے ماسٹر پلان کو پیش کیا تھا۔

اس ماسٹر پلان میں ایلون مسک نے معیاری الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے منصوبوں پر بات کی تھی، جن کے منافع کو وہ زیادہ سستی گاڑیوں کی تیاری کے لیے استعمال کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک کی جانب سے ٹیسلا کی مکمل خود کار گاڑیوں کے دعوے پر تفتیش شروع

ان سستی گاڑیوں کے منافع سے مزید سستی گاڑیاں تیار کی جائیں گی اور یہ سب گاڑیاں کسی قسم کی زہریلی گیسیں خارج نہیں کریں گی،ان کا یہ ماسٹر پلان کسی حد تک ٹیسلا کے لیے کارآمد ثابت ہوا۔

ایلون مسک کا دوسرا ماسٹر پلان 2016 میں سامنے آیا تھا جس میں الیکٹرک گاڑیوں کے ساتھ ساتھ مزید ٹیکنالوجیز جیسے سولر پینلز پر مشتمل چھتوں کی تیاری کی بات کی گئی تھی، اس ماسٹر پلان میں انہوں نے خودکار ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھنے والی ٹیکنالوجی کی تیاری کا منصوبہ بھی پیش کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: نیوکلیئر فیوژن میں بڑی کامیابی، توانائی بحران کے خاتمے کی امید

یہ ماسٹر پلان کافی سست روی کا شکار ہے، سولر پینلز پر مشتمل چھتیں تو تیار ہورہی ہیں مگر بہت کم تعداد میں، جبکہ خودکار ڈرائیونگ کی ٹیکنالوجی پر بھی زیادہ پیشرفت نہیں ہوسکی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں