میٹا کا انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے پاکستانی حکام سے ملکر کام کرنے کا عزم
کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے طویل المدتی حل کے لیے پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
یہ پیشرفت وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی میٹا کی عالمی سربراہ برائے انسانی حقوق پالیسی مرانڈا سیسن سے ملاقات کے دوران سامنے آئی، ملاقات میں بچوں کی ڈیجیٹل حفاظت، آن لائن تحفظات اور انسانی حقوق سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں "ٹیک اٹ ڈاؤن" اقدام کی کامیابی پر بھی روشنی ڈالی گئی جو نابالغوں کو آن لائن استحصال سے بچانے کے لیے نقصان دہ اور غیر متفقہ مواد کو محفوظ طریقے سے ہٹانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
دوسری جانب میٹنگ میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے وزارت کی مسلسل وابستگی پر بھی زور دیا گیا اور سائبر کرائم اور آن لائن استحصال پر توجہ مرکوز کرنے والے ڈیجیٹل خواندگی کی مہموں اور عوامی بیداری کے پروگراموں جیسے جاری اقدامات کو کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔