نواسی کی پیدائش کی خوشی میں مفت پٹرول کی تقسیم

عجیب خبریں

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) دنیابھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، عالمی مارکیٹ میں بلند قیمتوں کے باعث پاکستان سمیت بھارت میں بھی اس کی قیمتوں میں بڑھوتری دیکھنے کو ملی ہے، تاہم پٹرول سے متعلق ایک خبر بھارت سے آئی ہے جس نے سب کو حیران کر دیا ہے۔

 بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں راجیندرا سینانی نامی شہری نے اپنی معذور بھانجی کے ہاں بیٹی کی پیدائش کی خوشی میں دو روز تک مفت پیٹرول تقسیم کیا۔

راجیندرا سینانی مدھیہ پردیش کے بیتل نامی علاقے میں ایک پیٹرول پمپ کے مالک ہیں۔ ان کے سماعت و گویائی سے محروم بھانجی کے ہاں بیٹی پیدا ہوئی تو خوشی کے اظہار کے لیے اپنے فیول سٹیشن سے دو روز تک مخصوص اوقات میں مفت پٹرول تقسیم کیا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق راجیندرا سینانی کا کہنا تھا کہ قوت سماعت اور قوت گویائی سے محروم بھانجی کے ہاں 9 اکتوبر کو بیٹی کی ولادت ہوئی جس پر میں بہت خوش تھا۔  13 سے 15 اکتوبر کو صبح نو تا 11 بجے اور شام پانچ تا سات بجے کے دوران 10 فیصد اضافی پٹرول تقسیم کیا گیا۔ جو صارفین 100 روپے کا پٹرول خرید رہے تھے انہیں پانچ فیصد اضافی اور جو 200 تا 500 روپے کا پٹرول خرید رہے تھے انہیں 10 فیصد اضافی پٹرول دیا گیا۔

پاکستان کی طرح بھارت میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ بھارتی کرنسی کے مطابق بیتول میں پٹرول کی فی لٹر قیمت 113.99 روپے ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں