سائیکل چلاکر ہسپتال پہنچنےوالی رکن پارلیمنٹ نے بچے کو جنم دیدیا

عجیب خبریں

ویلنگٹن:(ویب ڈیسک)دنیا میں آئے روز ایسے واقعات پیش آتے رہتے ہیں جن کے بارے جان کر عقل انسانی دنگ رہ جائے جبکہ کچھ واقعات ایسے بھی رونما ہوتے ہیں جو ہمت و حوصلے کی مثال بن جاتے ہیں۔

ایسا ہی ایک واقعہ نیوزی لینڈ میں پیش آیا جہاں پر ایک رکن پارلیمنٹ جولی این جینٹر نے اپنے بچے کی ڈلیوری کے لیے سائیکل پر ہسپتال پہنچ کر پوری دنیا کو حیران کردیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کی گرین پارٹی کی رکن پارلیمنٹ جولی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں بچے کی آمد کی خبر کے ساتھ یہ اطلاع بھی دی کہ اتوار کی رات کو انھیں ایمرجنسی میں سائیکل پر ہسپتال پہنچنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال پہنچنے کے 1گھنٹے بعد ہی ایک صحت مند بچے کو جنم دے دیا۔

جولی این نے کہا کہ رات کو جب ہسپتال جانے کی اچانک ضرورت پڑی تو سائیکل نکال کر ہسپتال کے راستے نکل پڑی جبکہ جولی نے اس سلسلے میں اپنی تصاویر بھی شیئر کیں۔

41 سالہ جولی جینٹر کی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کے ساتھ ان کے شوہر بھی تھے اور وہ بھی سائیکل چلا رہے تھے۔ جولی کے اس عمل پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کی ہمت اور بہادری پر خوب سراہا گیا۔

خیال رہے کہ2018 میں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جسینڈرا آرڈن نے اپنے 3 ماہ کے بچے کے ساتھ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔

2017 میں نیوزی لینڈ کی خاتون رکن پارلیمان نے ایوان میں اپنے بچے کو دودھ پلا کر ماؤں کے لیے ایک نئی مثال قائم کی تھی، جس کے بعد نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے سپیکر دوران ایوان ہی ایک خاتون رکن پارلیمان کے بچے کو گود میں کھلاتے نظر آئے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں