حیدرآباد: غریب کسان کے گھر عجیب الخلقت بچے کی پیدائش

حیدرآباد: (ویب ڈیسک) حیدر آباد کے مقامی ہسپتال میں غریب کسان کے گھر عجیب الخلقت بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

حیدر آباد کے علاقے ٹنڈو عالم مری کے رہائشی کسان امان اللہ کی بیوی نے ہیرآباد میں واقع ایک نجی ہسپتال میں عجیب الخلقت بچے کو جنم دیا ہے جسے دیکھ کر والدین غمزدہ ہوگئے ہیں۔

ہسپتال کے مالک و چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر حنیف میمن کے مطابق جڑواں بچے ماں کے پیٹ میں آپس میں جڑنے کی وجہ سے دونوں بچوں کے دھڑ آپس میں جڑے ہیں، بچے کے 2 سر اور 3 پاؤں ہیں۔

والد امان اللہ نے بتایا کہ ایسا بچہ ہمارے خاندان کا پہلا بچہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچے کو سانس لینے میں تکلیف کا سامنا ہے اور حالت تشویشناک ہے، ہماری کوشش ہے کہ پہلے بچے کی زندگی محفوظ کی جائے اس کے بعد سرجری کی طرف جائیں گے۔

ڈاکٹر حنیف میمن نے بتایا کہ بچے کو سانس لینے میں تکلیف ہو رہی ہے، بچے کا والد غریب ہے، علاج کیلئے پیسے بھی نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال مارچ میں حیدرآباد میں چار پیروں اور ایک ہاتھ والے بچے کی پیدائش ہوئی تھی جو اپنی نوعیت کا پہلا منفرد کیس تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں