بدترین فضائی آلودگی:نئی دہلی میں سکول تاحکم ثانی بند

دنیا

نئی دہلی :(ویب ڈیسک)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بدترین فضائی آلودگی کے باعث سکول کل سے تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

بھارتی وزیر ماحولیات گوپال رائے کے مطابق ہوا کے معیار میں بہتری کی پیش گوئی کے بعد سکول دوبارہ کھول دیے گئے تھے لیکن مسلسل فضائی آلودگی کے باعث سکول کل سے تاحکم ثانی بند رہیں گے۔

دریں اثنا بھارتی سپریم کورٹ نے آلودگی کو کم کرنے کے لیے ناکافی اقدامات پر مرکزی اور دہلی حکومتوں کو 24 گھنٹے کا نوٹس جاری کیا ہے۔

عدالت عظمیٰ نے کہا کہ دہلی اور مرکزی حکومتوں کو گاڑیوں اور کارخانوں سے ہونے والی فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے 24 گھنٹے کے اندر اقدامات کرنے چاہئیں۔

بھارتی دارالحکومت میں خطرناک فضائی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران بھارتی سپریم کورٹ نے دہلی حکومت کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ 3 سے 4 سال کی عمر کے بچے سکول جا رہے ہیں لیکن بڑے گھر سے کام کر رہے ہیں۔

بھارتی سپریم کورٹ نے نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی سرزنش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آپ کی حکومت چلانے کے لیے کسی اور کو بھی مقرر کرسکتے ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں