مسجد نبویﷺ کے خودکار گنبد خوبصورتی اور انجنیئرنگ کا شاندار امتزاج

دنیا

لاہور: (ویب ڈیسک) مسجد نبوی ﷺ میں نصب متحرک گنبد انجنیئرنگ اور خوبصورتی کا شاندار امتزاج ہیں جو زائرین کی توجہ اپنی طرف کھینچ لیتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت نے مسجد نبوی ﷺ کے توسیعی منصوبے کے دوران یہ خوبصورت گنبد نصب کروائے تھے تاکہ زائرین کو سخت گرمی سے بچانے کے ساتھ ساتھ آواز کی گونج کو بھی درست طور پر منتقل کیا جائے۔ یہ گنبد خودکار انداز میں حرکت کرتے ہیں، ان کے ٹریک ٹرین کی پٹڑی کی طرح بنائے گئے ہیں جن پر 80 ٹن وزنی گنبد ضرورت کے وقت کھولے اور بند کئے جا سکتے ہیں۔

ان متحرک گنبدوں کو مسجد نبوی ﷺ کیلئے خصوصی طور پر فیکٹریوں میں تیار کیا گیا، ان کی کل تعداد 27 ہے جن کے پہلو 18 میٹر لمبے ہیں۔ ان کا کنٹرول سسٹم مسجد نبوی ﷺ کے مرکزی آپریشن روم کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ سابق فرمانروا شاہ فہد بن عبدالعزیز آل سعود نے ان کی تیاری میں خصوصی دلچسپی لی تھی، ان کی خوبصورتی جہاں زائرین کی توجہ اپنی جانب کھینچتی ہے وہیں ان کی تیاری میں شریک افراد کو داد و تحسین بھی پیش کیا جاتا ہے۔

گنبدوں کے اندر لکڑی کے بڑے بڑے ٹکڑے لگائے گئے ہیں جن کے بیچ فیروزی رنگ کا قیمتی پتھر فیروزہ نصب ہے جو دیکھنے والوں کو سحر انگیز تاثر دیتا ہے، اس کے ساتھ چھوٹی ٹائلوں پر مشتمل فنی نمونے بھی لگائے گئے ہیں جو آرٹ کے دلدادہ افراد کے ذوق کو تسکین فراہم کرتے ہیں۔

یہ گنبد مسجد نبوی ﷺ میں مرکزی ائیر کنڈیشنڈ نظام کے ساتھ ساتھ آواز کی ترسیل میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں