بنگلہ دیش میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، اقوام متحدہ کا تحقیقاتی مشن بھیجنے کا فیصلہ

ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے بنگلہ دیش میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے مشن بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔

غیرملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ترجمان روینا شامداسانی نے کہا کہ آنے والے ہفتوں کے دوران ایک فیکٹ فائنڈنگ ٹیم بنگلہ دیش روانہ کردی جائے گی، جو احتجاج کے دوران خلاف ورزیوں اور مبینہ تشدد کی تحقیقات کرے گا۔

ترجمان روینا شامداسانی نے کہا کہ مشن ان خلاف ورزیوں کی وجوہات کا کھوج لگائے گا اور فوری انصاف، احتساب اور طویل مدتی اصلاحات کے لئے تجاویز بھی دے گا، ہم کمیشن کو تحقیقات میں تعاون کے لئے تیار ہیں، جس کو متاثرین اور ان کے خاندانوں سے مشاورت کرنی چاہئے۔

روینا شامداسانی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے اپنا مشن بھیجنے کا فیصلہ 22 سے 29 اگست کے دوران اپنی ایک ٹیم کے دورے کے بعد کیا ہے، جہاں انہوں نے سٹیک ہولڈرز سمیت عبوری حکومت کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کی تھیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں