عراق نے عسکریت پسندوں کے حملے نہ روکے تو اسرائیل کارروائی کرسکتا ہے: امریکہ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ نے خبردار کیا ہے کہ عراق نے عسکریت پسندوں کے حملے نہ روکے تو اسرائیلی کارروائی ہوسکتی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ امریکہ نے بغداد کو مطلع کیا کہ اس نے اسرائیل کے خلاف مسلح دھڑوں کے مسلسل حملوں کے جواب میں عراقی اہداف پر فضائی حملوں کو روکنے کے لئے اسرائیل پر تمام دباؤ ہٹا دیا ہے، واشنگٹن نے عراق سے کہا ہے ان حملوں کو فوری طور پر روکنے کے لئے اقدامات کرے ورنہ اسرائیل کسی بھی وقت کارروائی کرے گا۔

ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اگرعراقی حکومت نےعراقی سرزمین کے اندر سے اسرائیل کے خلاف عسکری دھڑوں کے حملوں کو نہ روکا تو اسرائیل کے فضائی حملے بہت جلد ہوں گے۔

عراقی سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے اسرائیلی فضائی حملوں سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے سیاسی بلاکس کو صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کیا اگر دھڑے عراقی سرزمین کے اندر سے اسرائیل پر حملے جاری رکھتے ہیں تو اسرائیل کارروائی کرسکتا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے پیر کے روزاعلان کیا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کو عراق پر دباؤ ڈالنے کے لئے پیغام بھیج رہا ہے تاکہ وہ ایران کے وفادار گروپوں کے حملوں کو روکے۔

عراقی وزیراعظم کے ترجمان یحییٰ رسول عبداللہ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کونسل نے عراق کی جانب سے اسرائیلی ریاست کے حکام کی طرف سے جاری کردہ اورعراق کے خلاف دی گئی شکایت کو دوٹوک طور پر مسترد کردیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں