ابوظہبی میں برطانوی وزیراعظم کا شیخ زاید گرینڈ مسجد کا دورہ

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کے دوران ابوظہبی میں شیخ زاید گرینڈ مسجد کا دورہ کیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شیخ زاید گرینڈ مسجد سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل یوسف العبیدلی نے برطانوی وزیر اعظم کو مسجد کا دورہ کرایا، اس موقع پر برطانیہ میں امارات کے سفیر منصور بالھول الفلاسی اور امارات میں برطانوی سفیر ایڈورڈ ہوبارٹ سٹارمر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

برطانوی وزیر اعظم کیئرسٹارمر کو مسجد کے ڈیزائن کے بارے میں بتایا گیا جو صدیوں پرانے اسلامی فن تعمیر کی عکاسی کرتا ہے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کی ایک مشترکہ تاریخ اور صدیوں پرانے گہرے تعلقات ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیخ زاید گرینڈ مسجد مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان مشترکہ انسانی اقدار کو فروغ دینے کی کوشش کررہی ہے اور یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں دنیا بھر کے لوگ امن کے ساتھ ملتے ہیں۔

واضح رہے کہ ابوظہبی کی شیخ زاید گرینڈ مسجد کا افتتاح 2007ء میں ہوا تھا، یہ دنیا کی سب سے بڑی مساجد میں سے ایک اور اسلامی فن تعمیر اور ڈیزائن کو یکجا کرنے والی آرکیٹیکچرل آئیکن ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں