سعودی عرب نے ای لرننگ اداروں کو لائسنس فیس سے مستثنیٰ قرار دیدیا
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی وزیر تعلیم یوسف البنیان کی ہدایت پر ای لرننگ کو فروغ دینے کے لیےغیرمنافع بخش اداروں کو لائسنس فیس سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر تعلیم وای لرننگ قومی مرکز کے چیئرمین یوسف البنیان کی سربراہی میں اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کئے گئے، سعودی عرب میں ای لرننگ سسٹم کے لئے مرتب لائحہ عمل پر بحث کی گئی۔
اجلاس میں اس بات کی بھی سفارش کی گئی تھی کہ سعودی بزنس کونسل کے تعاون سے ڈیجیٹل ایجوکیشن فیلڈ میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے پروگرام کے لئے حاصل کیے جانے والے لائسنس کی فیس کو 65 فیصد تک کم کیا جائے۔
تجاویز میں ایسے ادارے جو غیرمنافع بخش ہیں ان کے لئے لائسنس فیس ختم کرنے کی بھی سفارش کی گئی تھی تاکہ ان اداروں سے وابستہ طالب علموں کو سہولت ہو اور وہ ای لرننگ کے ذریعے تعلیم حاصل کرسکیں۔