چین پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی میں کمی کا خواہاں
بیجنگ: (دنیا نیوز) چین پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی میں کمی کا خواہاں بن گیا۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک چین کے روایتی دوست ہیں، امید ہے دونوں ممالک تنازعات کو بات چیت سے حل کرتے رہیں گے، اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھیں گے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا مزیدکہنا تھا کہ چین عالمی برادری کے ساتھ پاک افغان تعلقات میں بہتری کیلئے کردار ادا کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی دفترِ خارجہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر متعدد بار یہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان میں افغانستان سے دہشتگردی کے واقعات کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، سانحہ جعفر ایکسپریس میں پاکستان نے بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت بھی پیش کئے تھے۔
یاد رہے کہ ٹی ٹی پی اور بی ایل اے پر بھارت کی سرپرستی کے حوالے سے الزامات بھی لگتے رہتے ہیں، اس کے بعد سوال یہ پیدا ہوا تھا کہ آیا پاکستان چین اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی مذاکرات میں افغانستان کیا اپنی حدود میں بھارتی اثر و رسوخ کم کر پائے گا؟
پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان ہونے والے مذاکرات 2018 سے جاری ہیں، 2021 میں بھی تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں جنگ بندی اور افغانستان میں قیام امن پر زور دیا گیا تھا۔