افغان سرزمین کو دوسرے ممالک کیخلاف استعمال ہونے سے روکنا ہوگا: رچرڈ لنڈسے

لندن: (دنیا نیوز) دہشتگردی، منشیات سمگلنگ اور جابرانہ پالیسیوں نے طالبان رجیم پر عالمی برادری کا اعتماد مکمل ختم کر دیا، پاکستان کا موقف درست ثابت ہوا، اہم عالمی شخصیات نے بھی افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی تسلیم کر لی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو میں افغانستان کیلئے برطانیہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ لنڈسے نے کہا ہے کہ افغان سرزمین کودہشت گرد گروہوں کے ہاتھوں دوسرے ممالک کیخلاف استعمال ہونے سے روکنا ہوگا، افغان سرزمین پر دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں جو خطے کی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔

رچرڈ لنڈسے نے طالبان رجیم کیساتھ سفارتی تعلقات کو عالمی برادری کی جانب سے انہیں جائز حکومت تسلیم کرنے سے مشروط کر دیا۔

برطانوی نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ طالبان رجیم کی بین الاقوامی سطح پر قبولیت کا انحصار انسانی حقوق، سکیورٹی اور خواتین کے حقوق سے متعلق عملی اقدامات پرہے، طالبان رجیم کو انسانی حقوق کا احترام اور لڑکیوں کیلئے ثانوی واعلیٰ تعلیم تک رسائی یقینی بنانا ہوگی۔

ماہرین کےمطابق برطانوی نمائندہ خصوصی رچرڈ لنڈسے کا بیان اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ دنیا اب طالبان رجیم کے دعوؤں پر اندھا اعتماد کرنے کیلئے تیار نہیں، طالبان رجیم میں افغان سرزمین کا دوسرے ممالک کیخلاف دہشت گردی کیلئے استعمال خطے کے امن کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں