ایران معاہدہ فوری ممکن نہیں، منظوری میں مزید وقت لگ سکتا ہے: وائٹ ہاؤس

واشنگٹن: (دنیا نیوز) وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے سے متعلق ممکنہ معاہدہ فوری طور پر ہونے کا امکان نہیں ہے اور اس کی حتمی منظوری میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق معاہدے کی ایران کی اعلیٰ قیادت بشمول سپریم لیڈر سے منظوری کے عمل میں کئی روز درکار ہو سکتے ہیں، جس کے باعث حتمی پیش رفت میں تاخیر کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ ڈیل کے بیشتر معاملات طے پا چکے ہیں اور اس کا باضابطہ اعلان جلد کیا جا سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق انہوں نے اس معاملے پر پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سعودی عرب کے ولی عہد، متحدہ عرب امارات کے صدر، قطر کے امیر، ترکیہ اور مصر کے رہنماؤں سمیت کئی مسلم ممالک کے رہنماؤں سے مثبت بات چیت کی ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ بھی ان کی مفید گفتگو ہوئی جبکہ ایران کے ساتھ معاہدے کے حتمی نکات پر ابھی مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر مشرق وسطیٰ کے ممالک تاریخی ابراہیمی معاہدے میں شامل ہوں تو علاقائی تعاون مزید مضبوط ہوسکتا ہے، اور امکان ہے کہ ایران بھی مستقبل میں اس عمل میں دلچسپی لے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں