روس کے یوکرین کے مختلف علاقوں میں فضائی حملے، 5 افراد ہلاک

کیف : (دنیا نیوز) روس کی جانب سے یوکرین کے مختلف علاقوں پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق خارکیف ریجن پر روسی میزائل حملے میں ایک خاتون سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک ڈرون حملے میں بچوں سمیت 16 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق چوہویف شہر میں رات بھر جاری حملوں سے رہائشی عمارتوں اور دکانوں کو نقصان پہنچا، اسی طرح بیلوزرسکے اور دروژکیوکا میں دو افراد ہلاک ہوئے، جبکہ سلوویانسک اور شابیلکیوکا کے علاقوں میں 11 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب یوکرینی صدر وولودی میر زیلنسکی نے امریکی نمائندوں کے ساتھ انتہائی مثبت رابطوں کا انکشاف کرتے ہوئے جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں میں نئی پیش رفت کی امید ظاہر کی ہے۔

زیلنسکی کا کہنا تھا کہ ایران سے متعلق عالمی توجہ کے باوجود یورپ میں امن کا ہدف برقرار ہے، فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔

یوکرینی صدر نے دعویٰ کیا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے قریبی حلقوں میں جنگ جاری رکھنے اور اسے ختم کرنے کے حامی دونوں گروہ موجود ہیں، انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ ہفتے انہوں نے پیوٹن کو براہ راست ملاقات کی پیشکش بھی کی تھی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں