بھارت ، پاکستان میں کشیدگی کم کرنیکی کو شش کر رہے ہیں :سعودی عرب
نائب وزیر خارجہ سعودی عرب عادل الجبیر نے کہا بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں
ریاض(دنیا مانیٹرنگ) عرب نیوز کو دئیے گئے ایک انٹرویو کے دوران عادل الجبیر نے کہا کہ پورے خطے میں امن چاہتے ہیں اور اس کیلئے ہم مستقل کوششیں کرتے رہتے ہیں، چاہے وہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین امن ہو یا لبنان، شام،عراق، ایران، افغانستان کا معاملہ ہو، یہاں تک کہ ہم بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں، سوڈان میں استحکام پیدا کرنا ہو یا لیبیا میں جنگ کا خاتمہ ہو، ہم نے ہر جگہ مثبت کردار ادا کیا ہے ، امریکا میں اقتدار کی تبدیلی سے سعودی عرب اور امریکا کے دو طرفہ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے ، بائیڈن انتظامیہ نے واضح کر دیا ہے کہ وہ سعودی عرب کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے ، بیرونی خطرات پر اب بھی امریکا ہمارے ساتھ کھڑا ہے ، انہوں نے کہا حالیہ ہفتوں میں سعودی عرب پر حملے ہوئے ہیں جن کا ایران سے براہ راست تعلق ہے ، حملے میں استعمال ہونے والے ہتھیار ایران میں بنائے جاتے ہیں یا وہاں سے سپلائی کیے جاتے ہیں، ایران کے حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں کی موجودگی کا مطلب یہ نہیں کہ یمن میں امن ناممکن ہے ، یقیناً اس کا ایک سیاسی حل ہے اور ہم اس تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔