نازیبا گفتگو پرٹویٹر نے کنگنارناوت کا اکائونٹ مستقل بند کردیا

نازیبا گفتگو پرٹویٹر نے کنگنارناوت کا اکائونٹ مستقل بند کردیا

سوشل میڈیا پر انکی حمایت اور مخالفت میں 15ہزار ٹویٹس،میمز کا طوفان آگیا ٹویٹر نے ثابت کیا وہ امریکی:اداکارہ، کئی بار خلاف ورزی کی:ٹویٹر

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)ٹویٹر نے مغربی بنگال کی حکمران جماعت کی سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ ممتابینر جی کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کرنے پربالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کا ٹویٹر اکائونٹ مستقل طور پر بند کردیا ۔اپنی ٹویٹر پوسٹس میں اداکارہ نے مغربی بنگال میں صدارتی نظام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن علاقوں میں بی جے پی جیتی ہے وہاں تشدد نہیں ہوا جبکہ اس کے برعکس بنگال میں تشدد دیکھنے کو ملا۔اس حوالے سے ٹویٹر کے ترجمان نے کہاکہ کنگنا نے کئی بار ٹویٹر کے اصولوں کی خلاف ورزی کی۔ ہم اس بات کی وضاحت پہلے بھی کر چکے ہیں کہ ہم ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات کریں گے جو کسی بھی قسم کے تشدد یا آف لائن نقصان میں معاون ہو۔ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘ٹویٹر نے یہ بات ثابت کر دی ہے کہ وہ امریکن ہے اور پیدائشی طور پر سفید فام شخص ہم لوگوں کو غلام بنانا اپنا حق سمجھتا ہے ، یہ آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ کیا سوچنا ،بولنا اور کرنا ہے ۔ میرے پاس بہت سے ذرائع ہیں جن سے میں اپنی آواز لوگوں تک پہنچا سکتی ہوں اور اس میں میرا فن سینما شامل ہے ۔اداکارہ کے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ڈیلیٹ ہوجانے کے بعد سوشل ٹائم لائنز پر بحث چھڑ گئی ، کچھ صارفین خوش تو کچھ ٹویٹر کے اس اقدام پر برہم نظر آئے ۔کنگنا کا نام انڈیا میں ٹویٹر کے ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہے اور اب تک 15 ہزار سے زیادہ ٹویٹس کی جا چکی ہیں۔ صارف شریدھار ادا نے لکھا کہ ٹویٹر نے ویکسین لگوا کر خود کو اس وائرس سے بچا لیا ہے ۔ ٹویٹر پر میمز کا طوفان نظر آنے لگا ، صارف محمد رضوان نے میم شیئرکرتے ہوئے لکھا کہ ‘کنگنا کا اکاؤنٹ معطل ہونے کے بعد۔ آخر وہ دن آ ہی گیا۔ٹویٹر ہینڈل نتاشا نے کنگنا رناوت کے تین ملین فالورز کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘کنگنا رناوت اپنے تین ملین فالوؤرز کے ساتھ اداسی اور مایوسی محسوس کرتے ہوئے ۔اداکارہ شروتی سیٹھ نے ٹویٹر انڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ‘یہ ایک اچھی علامت ہے ۔ایک اور صارف نے چاند پر قدم رکھنے کے وقت کہے گئے معروف فقرے کو اپنے انداز میں پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ٹویٹر کی جانب سے اٹھایا گیا چھوٹا سا قدم انسانیت کے لیے بڑی چھلانگ ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں