بھارت : ہر روز لاشوں کا انبار ، پورا ملک لاک ڈاؤن کر دیا جائے : اپوزیشن

بھارت : ہر روز لاشوں کا انبار ، پورا ملک لاک ڈاؤن کر دیا جائے : اپوزیشن

دہلی میں صورتحال انتہائی سنگین ، سلنڈر بھروانے کیلئے لمبی قطاریں،آکسیجن نہ ملنے سے مزید13مریض دم توڑگئے منگل کو3448اموات،3لاکھ 62ہزار کیسز،کیجریوال کا غربا کو مفت راشن دینے کا اعلان،عوام مودی پر برہم

نئی دہلی(دنیا مانیٹرنگ)بھارت میں کورونا کی صورتحال انتہائی سنگین رخ اختیار کرچکی، وبا کے مقابلے میں ملکی نظام صحت دھڑام سے گرچکا ہے ،ہسپتالوں میں آکسیجن کی کمی اور بیڈز بھی نہیں ہیں،مریض آکسیجن کیلئے دوہائیاں دے رہے ہیں،منگل کو بھارت میں 3448 افراد ہلاک ہوئے جبکہ مسلسل 13ویں روز3لاکھ سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ۔نئی دہلی میں آکسیجن کے حصول کیلئے صرف عدالت ہی کئی ہسپتالوں کی واحد امید رہ گئی ہے ۔آکسیجن نہ ملنے سے مریض ہسپتال کے باہر،پارکنگ،گاڑیو ں اور رکشوں میں دم توڑرہے ہیں،گھر میں زیر علاج مریضوں کیلئے آکسیجن کا انتظام کرنے کیلئے ان کے پیارے شہر بھر میں سلنڈر بھروانے کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں،سلنڈر بھروانے کیلئے لمبی لمبی قطاریں لگی ہیں،شمشان گھاٹوں میں بھی لمبی لائیں ہیں،لوگ اپنے پیارے کی آخری رسومات جلد کروانے کیلئے رشوت دے رہے ہیں بعض مقامات پر ہاتھاپائی کی اطلاعات بھی سامنے آئیں،دریں اثنا بھارتی ماہرین کا کہناہے کہ جنوبی بھارت میں این 440کے نامی کورونا کی اک نئی قسم سامنے آئی ہے ،جو 15گنا زیادہ مہلک ہے ۔دہلی ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ روزانہ ہی ویڈیو سماعت کے ذریعے ہسپتالوں کی درخواستیں سنتاہے ،اس میں مقامی و فاقی افسروں کو طلب کیا جاتاہے ۔وکلا نے کہاکہ عدالتی مداخلت سے کئی جانیں بچی ہیں،وکلا نے بتایا کہ اتوار کو دہلی کے سترام بھارتیا ہسپتال میں زیر علاج42مریضوں کیلئے آکسیجن صرف آدھے گھنٹے کی رہ گئی تھی،اس صورتحال میں ہسپتال نے فوری طور پر عدالت سے رجوع کیا،عدالت کے حکم پر دہلی سرکارنے فوری طور پر آکسیجن سلنڈر بھجوائے ۔حکام کے مطابق دہلی کے ہسپتالوں کو روزانہ 976ٹن آکسیجن چاہیے لیکن انہیں روزانہ 490ٹن سپلائی مل رہی ہے ۔نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہاہے کہ دہلی میں راشن کارڈ رکھنے والے ہر شہری کو آئندہ دو ماہ مفت راشن فراہم کیا جائے گا جبکہ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیورز کو 5 ہزار روپے نقد دیے جائیں گے ۔ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ دہلی کے تقریباً 72 لاکھ راشن کارڈ ہولڈرز کو آئندہ دو ماہ مفت راشن فراہم کیا جائے گا۔اپنے پیغام میں انھوں نے واضح کیا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ دہلی میں آئندہ دو ماہ تک لاک ڈاؤن ہو گا بلکہ یہ اقدام اس معاشی بحران میں غریب لوگوں کی مدد کے لیے اٹھایا جا رہا ہے ۔ ریاست بہار میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر 15 مئی سے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے ۔بنگلورومیں آکسیجن نہ ملنے سے 6مریض دم توڑگئے ۔کرناٹک کے ہسپتال میں بھی 7مریض دم توڑگئے ،ادھر بھارتی حکام کا کہناہے کہ ملک میں 6لاکھ 90ہزار سے زائد مریضوں کو آکسیجن کی اشد ضرورت ہے ۔اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنماراہول گاندھی نے کہا ہے کہ وائرس پھیلاؤ کو روکنے کا لاک ڈائون کے علاوہ کوئی اور طریقہ نہیں ہے ۔جبکہ وزیر اعظم مودی نے معاشی نقصانات کا حوالہ دیتے ہوئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے مطالبے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم مودی کے حلقے وارانسی میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں پر لوگ شدید غصے میں ہیں،اترپردیش کے اس ضلع کے لوگ پوچھتے نظر آتے ہیں کہ ان کے علاقے کا رکن پارلیمنٹ کہاں ہے ۔ایک مقامی شخص نے کہاکہ وزیر اعظم مودی اور وزار اعلیٰ چھپ گئے ہیں اور مقامی بی جے پی رہنما بھی لاپتہ ہیں۔ انھوں نے اپنے فون بند کر دیے ہیں اور بنارس کے لوگوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا ہے ۔ حیدرآباد کے چڑیا گھر کے 8 ببرشیروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت نکلا۔ عرب ا مارات میں بھارت سے سفر پر پابندی میں توسیع کردی۔دوسری جانب دنیا بھر میں صورتحال خراب ہے ،فرانس میں 24ہزار،ترکی 28جبکہ ایران میں20ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں