طالبان کا جنگ بندی سے قبل کابل کے قریب ضلع نرکھ پر قبضہ
اہم ملکی شاہراہ پر جنگجوؤں کا کنٹرول ، حکمت عملی کے تحت پسپاہوئے :وزارت داخلہ کابل پر حملوں کیلئے گیٹ وے کے طور پر استعمال کیا جا سکتاہے :دفاعی مبصرین
کابل (دنیا مانیٹرنگ، نیوز ایجنسیاں)طالبان نے سٹریٹجک اہمیت کے ضلع نرکھ پر قبضہ کر لیا، کابل سے 40 کلومیٹر دور واقع اس ضلع پر قبضے سے دارالحکومت کو قندھار سمیت ملک کے دیگر علاقوں سے ملانے والی اہم شاہراہ پر طالبان نے کنٹرول حاصل کر لیا۔ صوبہ وردک کے حکام کے مطابق نرکھ پر قبضے کے بعد طالبان نے ضلعی عمارت کو نذر آتش کر دیا۔ترجمان افغان وزارت داخلہ نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک حکمت عملی کے تحت ضلع نرکھ سے پسپائی اختیار کی۔ افغان وزارت دفاع کے مطابق ضلع نرکھ پر قبضے کیلئے جلد آپریشن شروع کیا جائیگا۔ طالبان نے اپنے بیان میں کہا کہ ضلع نرکھ میں پولیس ہیڈکوارٹرز اور ایک فوجی بیس پر قبضہ کرکے بڑی مقدار میں اسلحے کا ذخیرہ تحویل میں لے لیا گیا ہے ۔ دفاعی مبصرین کے مطابق طالبان ضلع نرکھ کو داراحکومت کابل پر حملوں کیلئے گیٹ وے کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔