بھارت : کورونا کی شہروں کے بعد دیہات میں تباہی : وائرس 44 ممالک پہنچ گیا : ڈبلیو ایچ او
اموات کی اصل تعداد حکومتی اعدادوشمار سے 10 گنا زائد:ماہرین، ہسپتال متاثرہ مریضوں کو واپس بھیجنے لگے مزید 3 ہزار کے قریب اموات، نیپال میں بھی بحران،یومیہ کیسز کی تعداد 10 ہزار تک پہنچ گئی، نوجوان زیادہ متاثرہ
نئی دہلی(نیوز ایجنسیاں، دنیا مانیٹرنگ)بھارت میں کورونا سے ایک دن میں مزید 3 لاکھ کے قریب مریض رپورٹ ہوئے اور تین ہزار کے قریب ہلاکتیں ہوگئیں جبکہ وبا شہروں کے بعد اب دیہات میں تباہی پھیلا نا شروع ہوگئی ہے ۔ ادھر ماہرین کا ماننا ہے کہ بھارت میں کیسز اور اموات کی اصل تعداد رپورٹ ہونے والی تعداد سے 5 سے 10 گنا زائد ہے ۔شہر کے پارکنگ مقامات میں بھی آخری رسومات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دریائے گنگا میں بھی متعدد لاشیں پائی گئیں جنہیں ان گاؤں والوں کے رشتہ اداروں نے بہایا جنہیں چتا جلانے کے لیے لکڑیاں نہ مل سکیں۔بستروں، ادویات اور طبی آکسیجن کی قلت کا شکار ہسپتال متاثرہ افراد کو واپس بھیجنے پر مجبور ہیں جبکہ مرنے والے عزیزوں کا علاج کرنے کے لیے کسی کو ڈھونڈنے والے مایوس رشتے داروں کی کہانیاں معمول بن گئی ہیں۔بہت سے متاثرین موت کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے ڈاکٹر کے بغیر ہی انتقال کر گئے اور جب ڈاکٹر دستیاب ہوں تو بھی اس وقت موت کی وجہ میں کووِڈ 19 اس وقت تک نہیں لکھا جاتا جب تک مرنے والے کا ٹیسٹ نہ ہوچکا ہو۔بڑے شہروں میں وبا کا پھیلاؤ گزشتہ ماہ کی تیزی کے بعد سست ہوگیا ہے اور ان کے مقابلے میں دیہی علاقوں میں رفتار پکڑ رہا ہے ۔رواں ہفتے نصف کیسز مغربی ریاست مہاراشٹر کے دیہی علاقوں میں رپورٹ ہوئے جو اس سے قبل ایک تہائی تھے جبکہ اتر پردیش کے زیادہ تر دیہی اور گنجان آبادی والے علاقوں میں یہ شرح 2 تہائی ہے ۔ علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ بھارت میں تیزی سے پھیلنے والی کورونا وائرس کی قسم دنیا کے 44 ممالک میں پائی گئی ہے ۔ بھارت کی طرح نیپال میں بھی کورونا کی دوسری لہر شدت سے جاری ہے ۔ گزشتہ ماہ وہاں کورونا کے یومیہ 100 کیسز سامنے آرہے تھے ، لیکن اب یہ تعداد دس ہزار تک پہنچ گئی ہے ۔ نیپال ایک چھوٹا ملک ہے جس کی آبادی تقریباً تین کروڑ ہے ۔نیپال کی وزارت صحت کے مطابق پیر کو 24 گھنٹوں میں کورونا کے 9127 نئے کیسز سامنے آئے اور 139 اموات درج ہوئی ہیں۔کورونا کی وبا کے شروع ہونے کے بعد سے وہاں اب تک تقریباً 4000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور حالیہ دنوں میں اموات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ وہاں اب تک کل 4 لاکھ 37 ہزار سے زیادہ افراد میں کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے ۔جبکہ 20 سے 40 سال کے افراد زیادہ تعداد میں متاثر ہورہے ہیں ۔