پاکستانی نژاد زاہد قریشی پہلے مسلم وفاقی امریکی جج مقرر

پاکستانی نژاد زاہد قریشی پہلے  مسلم وفاقی امریکی جج مقرر

امریکی سینیٹ نے پاکستانی نژاد زاہد قریشی کو نیو جرسی کی ضلعی عدالت کا جج مقرر کرنے کی منظوری دے دی

واشنگٹن (دنیا مانیٹرنگ) رپورٹ کے مطابق زاہد قریشی امریکی تاریخ میں پہلے مسلمان فیڈرل جج ہوں گے ۔ امریکی سینیٹ نے 81 ووٹوں کی اکثریت کیساتھ 46 سالہ زاہد قریشی کو وفاقی جج مقرر کرنے کی توثیق کی، جن میں ریپبلکن سینیٹرز بھی شامل تھے ۔ زاہد قریشی اس وقت ضلع نیو جرسی میں مجسٹریٹ کے عہدے پر کام کر رہے ہیں۔ان کے والد پاکستانی تارک وطن ہیں۔ زاہد نیویارک سٹی میں پیدا ہوئے اور نیوجرسی میں پلے بڑھے ، جہاں انہوں نے ریوٹزر لا سکول سے قانون میں ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے 2001 میں ایک لا فرم میں ملازمت اختیار کی لیکن 11 ستمبر 2001 کے واقعہ کے بعد انہوں نے امریکی فوج میں شمولیت اختیار کر لی۔ایک فوجی وکیل کے طورپر خدمات انجام دیتے ہوئے وہ کیپٹن کے رینک تک پہنچے ۔ انہیں 2004 سے 2006 کے درمیان عراق میں تعینات کیا گیا۔ فوجی خدمات چھوڑدینے کے بعد انہوں نے پہلے امریکا کے محکمہ داخلی سلامتی کے لیے اور پھر نیوجرسی میں امریکی اٹارنی کے دفتر میں کام کیا۔ 2019 میں انہیں نیوجرسی میں مجسٹریٹ مقرر کیا گیا اور اب وہ ریاست میں وفاقی عدالت کے بینچ میں جج کے طورپر کام کرنے والے پہلے ایشیائی امریکی مسلم جج بن گئے ۔زاہد قریشی کی بطور پہلے مسلم امریکی فیڈرل جج تقرری سے پاکستانی کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔انہوں نے اسے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں