کینیڈا:پاکستانی خاندان کی حمایت میں ہزاروں افراد کا مارچ

 کینیڈا:پاکستانی خاندان کی حمایت میں ہزاروں افراد کا مارچ

ٹورنٹو، اوٹاواکیوبک اور دیگر شہروں میں بھی ریلیاں ، ایک منٹ کی خاموشی نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد کی شرکت ،وزیرخارجہ کا شہداکے اہلخانہ سے رابطہ

اونٹاریو (مانیٹرنگ ڈیسک )کینیڈا میں ٹرک سے کچل کر ہلاک کیے جانے والے کینیڈین مسلم پاکستانی خاندان کیلئے ہزاروں افراد نے مارچ کیا ،چاروں افراد کی نماز جنازہ لندن کی مسجد کے احاطے میں ادا کی گئی جس میں کینیڈامیں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی ، چاروں کے تابوت کینیڈین پرچم میں لپیٹ کر لائے گئے ۔ کینیڈا کے مختلف شہروں میں ٹرک حملے میں جاں بحق مسلم خاندان سے اظہار یکجہتی اور اسلامو فوبیا کے خلاف ہزاروں افراد نے ریلیاں نکالیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق صوبہ انٹاریو کے شہر لندن کی ریلی میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شریک ہوئے ، اس موقع پر شرکا نے ’’نفرت ہلاکت خیز ہے ‘‘، ’’ ہم سب انسان ہیں‘‘ کے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے ۔شرکا نے جاں بحق مسلم خاندان کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ٹورنٹو، اوٹاوا، مانٹریال کیوبک اور دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔مارچ میں شامل کچھ شرکا نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر یہاں نفرت کی کوئی جگہ نہیں اور نفرت سے زیادہ محبت جیسے پیغامات درج تھے ۔اسی طرح کے اجتماعات کینیڈا کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے اونٹاریو کے دوسرے شہروں میں بھی ہوئے ۔مارچ میں شریک ایک 19 سالہ طالب علم عبداللہ الجارد کا کہنا تھا کہ بہترین بات تعداد نہیں ہے بلکہ اس مقصد کیلئے لندن کی ہر ایک کمیونٹی سے آنے والے افراد کا تنوع ہے ۔اس حملے سے کینیڈا میں غم و غصہ پھیل گیا ہے ۔ ہر جماعت کے سیاست دانوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے نفرت انگیز جرم اور اسلامو فوبیا کو روکنے کے مطالبات کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔وزیرخارجہ شاہ محمود نے کینیڈامیں اسلاموفوبیاکانشانہ بننے والے شہداکے اہلخانہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ۔ وزیرخارجہ نے وزیراعظم اورقوم کی جانب سے اظہارتعزیت کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ المناک واقعہ پرہرپاکستانی غمزدہ ہے ، واقعہ سے متعلق کینیڈین ہم منصب سے بات ہوئی ہے ، کینیڈین حکومت نے واقعہ کی تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے ، کینیڈین ہم منصب نے اسلاموفوبیاکیخلاف آوازاٹھانے کاعندیہ دیا،دنیاکی توجہ اسلاموفوبیاکی جانب مبذول کرانے کی کوشش کررہے ہیں، وزیرخارجہ نے متاثرہ خاندان کوحکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون کایقین دلایا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں