کابل : بم دھماکے، چھڑپیں 27 جنگجوؤں سمیت 60 افراد ہلاک

کابل : بم دھماکے، چھڑپیں 27 جنگجوؤں سمیت 60 افراد ہلاک

قندوز کے 2 اضلاع پر طالبان کے حملے ناکام ،غور کے ضلع تولک پر طالبان کاقبضہ،20 سکیورٹی اہلکار ہلاک، 10 طالبان گرفتار پغمان میں سابق مجاہدین کمانڈر سمیت 5 ہلاک ، تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا،کابل میں 2 ویگنوں کو نشانہ بنایا گیا

کابل (دنیامانیٹرنگ، شنہوا)افغانستان میں بم دھماکوں اور جھڑپوں سمیت مختلف واقعات میں 27 جنگجوؤں سمیت 60 افراد ہلاک، درجنوں زخمی ہوگئے ، طالبان نے سخت لڑائی کے بعد صوبہ غور کے ضلع تولک پر قبضہ کرلیا۔تولک کے گورنر کے مطابق لڑائی میں 20 سکیورٹی اہلکار ہلاک، 20 سے زائد زخمی ہوئے ، 10 اہلکاروں کو طالبان نے حراست میں لے لیا۔ چینی نیوز ایجنسی کے مطابق قندوز میں افغان سکیورٹی فورسز نے طالبان کے 2 اضلاع پر حملے ناکام بنا دئیے ، فائرنگ کے تبادلے میں 27 جنگجو ہلاک ، 15 زخمی ہو گئے ، کارروائی میں ایک سکیورٹی اہلکار مارا گیا۔ مقامی پولیس چیف کے مطابق حملے خان آباد اور علی آباد کے اضلاع میں کئے گئے ۔ ادھر صوبہ کابل کے ضلع پغمان میں مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ سے سابق کمانڈر سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، وہ شادی میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے کہ انہیں مسلح افراد نے اغوا کرنے کے بعد ہلاک کر دیا۔ پولیس نے واقعہ کا ذمہ دار طالبان کو قرار دیا۔ ادھر دارالحکومت کابل میں مختلف مقامات پر 2 بم دھماکوں میں 7 افراد ہلاک، چار زخمی ہو گئے ۔ حکام کے مطابق بم دھماکوں میں 2 ویگنوں کو نشانہ بنایا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں