مقبوضہ کشمیر : بھارتی فورسز نے 3 کشمیری شہید کر دیئے ، گرنیڈ حملے میں 2 اہلکار ہلاک

مقبوضہ کشمیر : بھارتی فورسز نے 3 کشمیری شہید کر دیئے ، گرنیڈ حملے میں 2 اہلکار ہلاک

سوپور حملہ پر انتقامی کارروائی میں شہریوں پر فائرنگ،مظاہرہ، جنازے میں ہزاروں کی شرکت،پاکستان کی شدید مذمت سرینگر میں 2درجن سے زائد افراد گرفتار، بانڈی پورہ میں چھ گاڑیاں ضبط ،پلوامہ جیل میں کشمیری نظربندوں پر تشدد

سرینگر،اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں،خصوصی نیوز رپورٹر)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 3کشمیریوں کو شہید کردیا، گرنیڈ حملے میں 2بھارتی اہلکار ہلاک ہوگئے ، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بارہمولہ کے قصبے سوپور میں نامعلوم افراد کی طرف سے بھارتی فورسز کی ایک پارٹی پر گرینڈ حملے میں کم از کم2پولیس اہلکار ہلاک ،دو شہری جاں بحق ہوگئے ، حملے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت3افراد زخمی بھی ہوئے ، بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور انتقامی کارروائی کرتے ہوئے شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے 3کشمیری شہید ہوگئے ، بہیمانہ واقعے کے خلاف علاقے میں زبردست بھارت مخالف مظاہرہ کیا گیا جس میں زیادہ تر خواتین شریک تھیں،مظاہرین نے آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اوربھارتی پولیس کی طرف سے شہریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی۔ بعد ازاں ہزاروں شہریوں نے شہید کشمیریوں کے جنازے میں شرکت کی،پاکستان نے مقبوضہ کشمیر بارہمولہ میں بھارتی فوج کی جانب سے مزید تین بے گناہ کشمیریوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے ،ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق قابض فوج نے کورونا کے باوجود نام نہاد \\\"کورڈن اینڈ سرچ\\\" آپریشنز میں کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل عام کوتیز کردیا ہے ، بھارت کو بخوبی واقف ہونا چاہیے کہ بھارتی ظلم و بربریت کی کوئی بھی کوشش کشمیریوں کو محکوم بنانے اور ان کی خودمختاری کی جدوجہد میں ان کے عزم کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہوگی۔ادھر سرینگر میں بھارتی پولیس نے کورونا کرفیوکی خلاف ورزیوں پر 27افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ بانڈی پورہ میں چھ گاڑیاں ضبط کرلیں، وادی میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 6ہزار 729افراد سے 11لاکھ 14ہزار روپے کا جرمانہ بھی وصول کیا گیا۔دریں اثنا انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین احسن اونتو نے بتایا کہ کشمیری نظر بند مرسلین بشیر اور ارشاد احمد کو ڈسٹرکٹ جیل پلوامہ میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے ، دونوں کو اب جموں خطے کی کوٹ بلوال جیل میں منتقل کیا گیا ہے ، کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں وکشمیر اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت اسکی قانونی یا علاقائی حیثیت میں تبدیلی کا کوئی حق نہیں رکھتا ، ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ متنازعہ خطے کے مسلم تشخص کو ختم کرنے کے غیر قانونی بھارتی اقدامات کا سخت نوٹس لیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں