نیتن یاہو کی 12 سال بعد حکمرانی ختم, نفتالی نئے اسرائیلی وزیراعظم

نیتن یاہو کی 12 سال بعد حکمرانی ختم, نفتالی نئے اسرائیلی وزیراعظم

1ووٹ کی اکثریت سے نئی حکومت قائم ،ایران سے نیا جوہری معاہدہ غلطی ، ایٹم بم نہیں بنانے دینگے :نفتالی بینٹ ، اس حکومت کو جلد گرادونگا،سابق وزیراعظم،نیتن یاہو سے نجات پرہزاروں اسرائیلیوں نے جشن منایا ،نعرے

تل ابیب(دنیا مانیٹرنگ)اسرائیل میں نیتن یاہو کا 12سالہ دور اقتدار انجام کو پہنچ گیا،نفتالی بینٹ اسرائیل کے نئے وزیر اعظم بن گئے ۔نیتن یاہو کے فارغ ہونے پر تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں ہزاروں اسرائیلیوں نے جشن منایا۔ اتوار کی رات8بج کر 55منٹ پرنفتالی بینٹ کی سربراہی میں قائم 8پارٹیوں کی اتحادی حکومت نے پارلیمنٹ (نیسٹ) سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا۔نئی حکومت 59کے مقابلے میں 60ووٹ لے سکی، وزیر اعظم نفتالی بینٹ نے حلف اٹھا لیا۔اس موقع پر نیتن یاہو پارلیمنٹ میں خالی کرسیوں پر کافی دیر شرم سے سرجھکائے بیٹھے رہے ۔اس سے قبل اپنے خطاب میں نفتالی بینٹ نے کہا کہ ایران سے نیا جوہری معاہدہ بڑی غلطی ہوگی،اسے ایٹم بم نہیں حاصل کرنے دینگے ۔پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہاکہ میں جلد اس حکومت کو گرا کر واپس آئوں گا، اس حکومت کے آنے پر ایران میں خوشیاں منائی جارہی ہیں،پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہواتونئے سیاسی اتحاد نے نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کے سپیکر کو ہٹا کراپنا سپیکر منتخب کرلیا۔پہلی بار ایک عرب پارٹی بھی حکومت کا حصہ بنی ہے ۔معاہدے کے مطابق پہلے دو سال نفتالی بینٹ وزیر اعظم ہونگے جبکہ یائر لیپڈ وزیر خارجہ ہونگے ،دو سال بعد یائر لیپڈ وزیر اعظم جبکہ نفتالی بینٹ وزیر داخلہ کا عہدہ سنبھالیں گے ۔اقتدار کی منتقلی کیلئے نیتن یاہو اور نفتالی بینٹ کی ملاقات آج ہوگی،نئے وزیر اعظم نفتالی بینٹ انتہائی سخت گیر مذہبی رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں،وہ پہلے اسرائیلی وزیر اعظم ہیں جو سر پر مذہبی نشان کپا رکھنے پر یقین رکھتے ہیں۔نیتن یاہو کی حکومت میں بھی شامل رہے ،تاہم اختلافات کے بعد الگ ہوگئے تھے ۔وہ سابق وزیردفاع اور سپیشل فورسز کے کمانڈو بھی رہے ،ان کی جماعت مغربی کنارے کو اسرائیل کا حصہ بنانے پر یقین رکھتی ہے۔ امریکی صدر،جرمن چانسلر اور برطانوی وزیر اعظم نے بھی نئے اسرائیلی وزیر اعظم کو مبارکباد دی۔ادھر نیتن یاہو نے آج حکومت کی استقبالیہ و افتتاحی تقریب میں شرکت سے انکار کردیا۔رات گئے امریکی صدر نے انہیں ٹیلی فون کرکے مبارکباد دی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں