بائیڈن جنیوا پہنچ گئے ، آج روسی صدر سے ملاقات

 بائیڈن جنیوا پہنچ گئے ، آج روسی صدر سے ملاقات

جنیوا کے قریب واقع محل نما ہوٹل میں ملاقات ہوگی،سخت سکیورٹی اقدامات

جنیوا ،برسلز (دنیا مانیٹرنگ)امریکی وروسی صدور کی تاریخی ملاقات آج جنیوا میں ہوگی، جوبائیڈن اس ملاقات کیلئے برسلز سے جنیوا پہنچ گئے ۔مقامی وقت کے مطابق شام سوا چاربجے بائیڈن جنیوا ایئر پورٹ پر پہنچے جہاں سوئس صدر نے ان کا استقبال کیا۔دونوں صدور جنیوا کے نواح میں واقع ایک اٹھارہویں صدی کے محل نما ہوٹل میں ملاقات کریں گے ،ہوٹل کے گرد جنگل میں سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں،دو کلومیٹر کا علاقہ خاردار تاریں لگا کر بند کردیاگیا۔جنیوا میں بائیڈن کے ہوٹل کے گرد بھی انتہائی سخت سکیورٹی ہے ،4ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔اس سے قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے برسلز میں یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا،جہاں یورپی کونسل کے صدر چارلس میشل اور یورپی کمیشن کی صدر اورزولا فوندر لاین نے ان کا استقبال کیا،بعدازاں امریکا اور یورپی یونین کے مابین مذاکرات ہوئے ،اس موقع پر بائیڈن نے یورپی یونین کیساتھ طیاروں کی مینوفیکچرنگ پر سبسڈی کا17سال پرانا تنازع ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ امریکا کی تجارتی نمائندہ کیتھرائن تائی نے رپورٹروں کو بتایا کہ معاہدے میں طیاروں پر ٹیرف پانچ سال کیلئے معطل کرنے کا مطالبہ اور اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ دوطرفہ تنازع کو ایک طرف رکھ کر چین کی بڑھتے ہوئے معاشی اثرورسوخ پر فوکس کیا جائے ۔ایئر بس کمپنی نے بھی معاہدے کو خوش آئند قراردیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں