کلنٹن نے دعوت مسترد کردی تھی
سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے 1997 میں اپنے دورہ برطانیہ کے دوران ملکہ الزبیتھ کی جانب سے چائے نوشی کی دعوت مسترد کردی تھی،
لندن( دنیا ڈیسک) برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ انکشاف ان دستاویزات سے ہوا جن میں اہم اور خفیہ معلومات درج ہیں، یہ دستاویزات منگل کو جاری کردی گئی ہیں، ان کے مطابق برطانیہ میں ٹونی بلیئر کے وزیر اعظم منتخب ہونے کے تقریباً 4 ہفتے بعد اس وقت کے امریکی صدر کلنٹن اور خاتون اول ہلیری نے برطانیہ کا دورہ کیا تھا، انہیں ملکہ الزبیتھ نے عصرانے پر مدعو کیا تھا، صدر کلنٹن نے یہ دعوت قبول نہیں کی لیکن شائستگی کے ساتھ ملکہ کو جواب دیا کہ ان کی ترجیح یہ ہے کہ برطانیہ میں اپنے قیام کے دوران وہ ایک سیاح کی طرح اپنے پسندیدہ مقامات پر جائیں، ان میں باغات، بازار اور مشرقی کھانوں کے ہوٹل شامل ہیں، تجزیہ نگاروں کے مطابق ملکہ کو کلنٹن کے جواب سے کوفت ہوئی لیکن دستاویزات کے مطابق انہوں نے اپنے عملے کو کسی ردعمل کا اظہار نہ کرنے کا حکم دیا، جس شام کو ملکہ نے کلنٹن اور ہلیری کو مدعو کیا تھا اس شام کو امریکی صدرمیزبان ٹونی بلیئر اور ان کی بیگم کے ساتھ لندن کی ایک ہوٹل میں گئے جہاں وہ اپنے پسندیدہ کھانوں سے لطف اندوز ہوئے ۔