بھارتی صدر کی سری نگر آمد ،کشمیریوں کی ہڑتال

بھارتی صدر کی سری نگر آمد ،کشمیریوں کی ہڑتال

کولگام ،بانڈی پورہ میں4نوجوانوں کی شہادت پر احتجاج،لاشیں نہ مل سکیں

سری نگر(خبرایجنسیاں)بھارتی صدر کی مقبوضہ کشمیر آمد پر کشمیر یوں نے کاروبار زندگی معطل کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، دوسری طرف سکیورٹی کے نام پر مقبوضہ وادی کو فوجی چھاؤنی میں بدل دیا گیا،ادھرگزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 4 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے خلاف احتجاجی مظاہرے اورہڑتال کی گئی۔بھارتی صدر رام ناتھ کووندکی آمد پر ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی ۔ ایک ٹویٹ میں سیدعلی گیلانی نے کہاکہ ریاست جموں و کشمیر پر بھارت کا جبری قبضہ ہے اور ہمارا تعلق قابض اور مقبوضہ کا ہے جس میں کسی خیر سگالی کے کسی جذبے کیلئے دونوں اطراف سے کوئی گنجائش نہیں ۔بھارتی رام ناتھ کووند آج سری نگر میں کشمیر یونیورسٹی کے 19 ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کریں گے ۔ علاوہ ازیں بھارتی فورسز کے ہاتھوں چار کشمیری نوجوانوں کی کولگام اوربانڈی پورہ میں شہادت پرعلاقے میں غم و غصے کی لہردوڑ گئی، پیر کے روزعلاقے میں ہڑتال رہی ،بانڈی پورہ بازار میں کاروباری و تجارتی سرگرمیاں بند رہیں ۔ بھارتی فورسز نے شہید نوجوانوں کی لاشیں تدفین کے لیے لواحقین کے حوالے نہیں کی ہیں ۔ کولگام اوربانڈی پورہ میں انٹر نیٹ سروس بند کر دی گئی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں