لداخ:بھارتی علاقوں میں چینی خیمے نصب
ڈیم چوک نامی علاقے میں مختلف مقامات پر ٹینٹ نصب کیے گئے ہیں
لداخ(مانیٹرنگ ڈیسک)مشرقی لداخ میں چین نے بھارتی علاقے میں خیمے نصب کرلیے ،بھارتی حکام کے مطابق ڈیم چوک نامی علاقے میں مختلف مقامات پر ٹینٹ نصب کیے گئے ہیں،اس علاقے میں کشیدگی ختم کرنے کیلئے فریقین میں کئی ماہ سے بات چیت شروع نہ ہوسکی۔ بعض سینئر بھارتی حکام نے انکشاف کیا کہ ڈیم چوک کے علاقے چارڈنگ نالے کے آس پاس چین نے اپنے خیمے نصب کر لیے ہیں ، یہ علاقے کچھ وقت پہلے تک بھارت کے کنٹرول میں ہوا کرتے تھے ۔ انڈین اخبار کے مطابق ان خیموں میں بعض نام نہاد عام شہری قبضہ کیے بیٹھے ہیں۔ بھارت نے کئی بار چین سے ان علاقوں کو خالی کرنے کا کہا ہے تاہم ان کی موجودگی برقرار ہے ۔ اگست کے پہلے ہفتے یا اس سے پہلے بات چیت ہو سکتی ہے ۔ آخری بار دونوں کے درمیان یہ بات چیت رواں برس اپریل کے مہینے میں ہوئی تھی۔ کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے بھارت اور چین کے فوجی افسران کے درمیان اب تک بات چیت کے گیارہ دور ہو چکے ہیں تاہم کوئی خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے ۔ بھارتی حکام کے مطابق مشرقی لداخ میں گزشتہ برس جیسی شدید کشیدگی نہیں ہے تاہم اس پیچیدہ صورتحال میں مذاکرات میں تاخیر کی اہم وجہ دونوں میں باہمی اعتماد کی کمی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اب بھی فریقین نے اپنی اپنی جانب تقریباً پچاس ہزار کے قریب فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔ بھارتی حکام کے مطابق چین اپنی جانب فوجیوں کو تبدیل کرتا رہا ہے اور وہ مشرقی لداخ میں فوجیوں کی رہائش گاہوں کی تعمیر، اسلحہ ذخیرہ کرنے اور توپ خانوں کی پوزیشنیں مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ بہت تیزی سے عسکری ڈھانچے تعمیر کر رہا ہے ۔