مقبوضہ کشمیر:بھارتی صدر کا دورہ ، ہڑتال،3نوجوان شہید
کاروباری مراکز بند، اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرہ
سرینگر(اے پی پی،کے پی آئی) بھارتی صدر رام ناتھ کووند کی مقبوضہ کشمیر آمد کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی،کاروباری ادارے ،دکانیں بند رہیں جس سے نظام زندگی معطل ہوکررہ گیا، کشمیریوں نے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالیں ، اس دوران مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی بربریت بھی جاری رہی ،فوج نے فائرنگ کرکے تین کشمیریوں کو شہید کردیا جبکہ دریائے جہلم کے کنارے سے نامعلوم نوجوان کی لاش ملی ہے ۔تفصیلات کے مطابق قابض انتظامیہ نے بھارتی صدر کے دورے پرسرینگر اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے دیگر علاقوں میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کر رکھا ہے ۔بھارتی صدر رام ناتھ کووند مقبوضہ کشمیر کے چار روزہ دورے پر اتوار کو سری نگر پہنچے تھے ۔بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے کشمیری عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اس دورے کے خلاف بھرپورا حتجاج ریکارڈ کراکے قابض حکمرانوں اور دنیا کو حقیقت کا آئینہ دکھائیں۔دریں اثنا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے بھارتی صدر کے دورہ مقبوضہ کشمیر کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ دریں اثنا جموں و کشمیرکی خصوصی عدالت نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی یوتھ ونگ کے صدر وحید الرحمن کے خلاف فرد جرم عائد کر دی ۔ جموں کشمیر ہائی کورٹ کے ایک بینچ نے شوپیاں کے رہائشی امجد میر وانی اور سوپور کے رہائشی امتیاز احمد کی کالے قانون کے تحت نظربندی کالعدم قراردیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو انہیں فوری رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔ ادھر اہرہ بل میں عامر حسین میر نامی نوجوان کو بھارتی فوج نے گزشتہ روز گولی مار کر شہید کر دیا ۔لارکی پورہ می 50 سالہ محمد اشرف کی سر بریدہ لاش میوہ باغ سے بر آمد کی گئی۔ سرینگر کے نوا کدال علاقے بلبل لنکر میں 25 سالہ نوجوان میران علی پٹھان کو نامعلوم مسلح افراد نے گولی مارکر شہید کردیا۔ سرینگر سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جس کی شناخت نہیں ہو سکی ۔